آ گیا ماہِ صیام

آ گیا ماہِ صیام

لے کے رحمت کا پیام

روح پرور روز و شب

برکتوں کے صبح و شام

اک بہارِ جاں فزا

آ گئی مستِ خرام

ہر قدم نور و سرور

ہر نفس صدقے مشام

رحمتیں ہی رحمتیں

مغفرت کا اذنِ عام

وا ہوئے جنت کے در

آتشِ دوزخ حرام

شر ذلیل و خوار ہے

ہیں شیاطیں زیرِ دام

دل میں مستی جذب و شوق

لب پہ پاکیزہ کلام

دن کو روزہ کا عمل

رات کو ذکر و قیام

سحری و افطار کا

انتظام و اہتمام

روزہ داروں کا یہی

مشغلہ ہے صبح و شام

اک سراپا خیر شب

ہے شبِ قدر اس کا نام

لیلۃِ عفو و کرم

فجر تک امن و سلام

مژدۂ رحمت لئے

برکتوں کے لے کے جام

صف بصف روح و ملک

ہوتے ہیں نازل تمام

طالبِ خیر و کرم

اٹھ کے لے کاس الکرام

کر لے اپنی آج تو

مغفرت کا انتظام



Leave a comment