وہی جو خالق جہان کا ہے وہی خدا ہے وہی خدا ہے

وہی جو خالق جہان کا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

جو روح جسموں میں ڈالتا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

وہ جس کی حکمت کی سرفرازی وہ جس کی قدرت کی کارسازی

ہر ایک ذرّے میں رونما ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

وہ بے حقیقت سا ایک دانہ ، جو آب و گِل میں تھا مٹنے والا

جو اُس میں کونپل نکالتا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

الگ الگ سب کے رنگ و خصلت جدا جدا سب کے قدّ و قامت

جو سارے چہرے تراشتا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

ہے علم میں جس کے ذرّہ ذرّہ ، گرفت میں جس کی ہے زمانہ

جو دل کے بھیدوں کو جانتا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

وہ جس نے دی مختلف زبانیں ، تخیّل و عقل کی اُڑانیں

جو کشتیٔ فن کا ناخدا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

کوئی تو ہے جو ہے سب سے اوّل کوئی تو ہے جو ہے سب سے آخر

جو ابتدا ہے جو انتہا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے

مصیبت و درد و رنج و غم میں ، حیات کے سارے پیچ و خم میں

وہ جس کو راغبؔ پکارتا ہے ، وہی خدا ہے ، وہی خدا ہے


حالیہ پوسٹیں


Leave a comment