کون کہتا ہے کہ زینت خلد کی اچھی نہیں
لیکن اے دل فرقتِ کوے نبی اچھی نہیں
رحم کی سرکار میں پُرسش ہے ایسوں کی بہت
اے دل اچھا ہے اگر حالت مری اچھی نہیں
تیرہ دل کو جلوۂ ماہِ عرب درکار ہے
چودھویں کے چاند تیری چاندنی اچھی نہیں
کچھ خبر ہے میں بُرا ہوں کیسے اچھے کا بُرا
مجھ بُرے پر زاہدو طعنہ زنی اچھی نہیں
اُس گلی سے دُور رہ کر کیا مریں ہم کیا جئیں
آہ ایسی موت ایسی زندگی اچھی نہیں
اُن کے دَر کی بھیک چھوڑیں سروری کے واسطے
اُن کے دَر کی بھیک اچھی سروری اچھی نہیں
خاک اُن کے آستانے کی منگا دے چارہ گر
فکر کیا حالت اگر بیمار کی اچھی نہیں
سایۂ دیوارِ جاناں میں ہو بستر خاک پر
آرزوے تاج و تختِ خسروی اچھی نہیں
دردِ عصیاں کی ترقی سے ہوا ہوں جاں بلب
مجھ کو اچھا کیجیے حالت مری اچھی نہیں
ذرّۂ طیبہ کی طلعت کے مقابل اے قمر
گھٹتی بڑھتی چار دن کی چاندنی اچھی نہیں
موسمِ گل کیوں دکھائے جاتے ہیں یہ سبز باغ
دشتِ طیبہ جائیں گے ہم رہزنی اچھی نہیں
بے کسوں پر مہرباں ہے رحمتِ بیکس نواز
کون کہتا ہے ہماری بے کسی اچھی نہیں
بندۂ سرکار ہو پھر کر خدا کی بندگی
ورنہ اے بندے خدا کی بندگی اچھی نہیں
رُو سیہ ہوں منہ اُجالا کر دے اے طیبہ کے چاند
اِس اندھیرے پاکھ کی یہ تیرگی اچھی نہیں
خار ہاے دشتِ طیبہ چُبھ گئے دل میں مرے
عارضِ گل کی بہارِ عارضی اچھی نہیں
صبحِ محشر چونک اے دل جلوۂ محبوب دیکھ
نور کا تڑکا ہے پیارے کاہلی اچھی نہیں
اُن کے دَر پر موت آ جائے تو جی جاؤں حسنؔ
اُن کے دَر سے دُور رہ کر زندگی اچھی نہیں

کون کہتا ہے کہ زینت خلد کی اچھی نہیں
حالیہ پوسٹیں
- اے مدینہ کے تاجدار سلام
- مدینہ سامنے ہے بس ابھی پہنچا میں دم بھر میں
- یہ سینہ اور یہ دل دوسرا معلوم ہوتا ہے
- پوچھتے کیا ہو مدینے سے میں کیا لایا ہوں
- سب سے افضل سب سے اعظم
- خوشبوے دشتِ طیبہ سے بس جائے گر دماغ
- اک میں ہی نہیں ان پر قربان زمانہ ہے
- اُجالی رات ہوگی اور میدانِ قُبا ہوگا
- منظر فضائے دہر میں سارا علی کا ہے
- فلک پہ دیکھا زمیں پہ دیکھا عجیب تیرا مقام دیکھا
- کہتے ہیں عدی بن مسافر
- کچھ غم نہیں اگرچہ زمانہ ہو بر خلاف
- میں مدینے چلا میں مدینے چلا
- ہم درِ مصطفےٰ دیکھتے رہ گئے
- قربان میں اُن کی بخشش کے مقصد بھی زباں پر آیا نہیں
- میں کہاں اور تیری حمد کا مفہوم کہاں
- خراب حال کیا دِل کو پُر ملال کیا
- خندہ پیشانی سے ہر صدمہ اُٹھاتے ہیں حسین
- تیری شان کیا شاہِ والا لکھوں
- طور نے تو خوب دیکھا جلوۂ شان جمال