اے دینِ حق کے رہبر تم پر سلام ہر دم
میرے شفیعِ محشر تم پر سلام ہر دم
اِس بے کس و حزیں پر جو کچھ گزر رہی ہے
ظاہر ہے سب وہ تم پر ، تم پر سلام ہر دم
دُنیا و آخرت میں جب میں رہوں سلامت
پیارے پڑھوں نہ کیوں کر تم پر سلام ہر دم
دِل تفتگانِ فرقت پیاسے ہیں مدتوں سے
ہم کو بھی جامِ کوثر تم پر سلام ہر دم
بندہ تمہارے دَر کا آفت میں مبتلا ہے
رحم اے حبیبِ دَاور تم پر سلام ہر دم
بے وارثوں کے وارث بے والیوں کے والی
تسکینِ جانِ مضطر تم پر سلام ہر دم
للہ اب ہماری فریاد کو پہنچئے
بے حد ہے حال اَبتر تم پر سلام ہر دم
جلادِ نفسِ بد سے دیجے مجھے رِہائی
اب ہے گلے پہ خنجر تم پر سلام ہر دم
دَریوزہ گر ہوں میں بھی ادنیٰ سا اُس گلی کا
لطف و کرم ہو مجھ پر تم پر سلام ہر دم
کوئی نہیں ہے میرا میں کس سے داد چاہوں
سلطانِ بندہ پرور تم پر سلام ہر دم
غم کی گھٹائیں گھر کر آئی ہیں ہر طرف سے
اے مہر ذرّہ پرور تم پر سلام ہر دم
بُلوا کے اپنے دَر پر اب مجھ کو دیجے عزت
پھرتا ہوں خوار دَر دَر تم پر سلام ہر دم
محتاج سے تمہارے سب کرتے ہیں کنارا
بس اک تمھیں ہو یاور تم پر سلام ہر دم
بہرِ خدا بچاؤ اِن خار ہاے غم سے
اک دل ہے لاکھ نشتر تم پر سلام ہر دم
کوئی نہیں ہمارا ہم کس کے دَر پہ جائیں
اے بے کسوں کے یاور تم پر سلام ہر دم
کیا خوف مجھ کو پیارے نارِ جحیم سے ہو
تم ہو شفیعِ محشر تم پر سلام ہر دم
اپنے گداے دَر کی لیجے خبر خدارا
کیجے کرم حسنؔ پر تم پر سلام ہر دم

اے دینِ حق کے رہبر تم پر سلام ہر دم
حالیہ پوسٹیں
- بس! محمد ہے نبی سارے زمانے والا
- طوبےٰ میں جو سب سے اونچی نازک سیدھی نکلی شاخ
- سحابِ رحمتِ باری ہے بارھویں تاریخ
- یقیناً منبعِ خوفِ خدا صِدِّیقِ اکبر ہیں
- مثلِ شبّیر کوئی حق کا پرستار تو ہو
- تلو مونی علی ذنب عظیم
- زہے مقدر حضور حق سے سلام آیا پیام آیا
- شبنم میں شراروں میں گلشن کی بہاروں میں
- صبح طیبہ میں ہوئی بٹتا ہے باڑا نور کا
- صانع نے اِک باغ لگایا
- کبھی خزاں کبھی فصلِ بہار دیتا ہے
- خدا کی خلق میں سب انبیا خاص
- محمد مظہر کامل ہے حق کی شان عزت کا
- خلق کے سرور شافع محشر صلی اللہ علیہ وسلم
- کیوں کرہم اہلِ دل نہ ہوں دیوانۂ رسولؐ
- رُخ دن ہے یا مہرِ سما ، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
- تو ہے وہ غوث کہ ہر غوث ہے شیدا تیرا
- اُسی کا حکم جاری ہے زمینوں آسمانوں میں
- احمد کہُوں ک ہحامدِ یکتا کہُوں تجھے
- دل میں ہو یاد تیری گوشہ تنہائی ہو