زہے عزت و اعتلائے محمد
کہ ہے عرش حق زیر پائے محمد
مکاں عرش ان کا فلک فرش ان کا
ملک خادمان سرائے محمد
خدا کی رضا چاہتے ہیں دو عالم
خدا چاہتا ہے رضائے محمد
عجب کیا اگر رحم فرما لے ہم پر
خدائے محمد برائے محمد
محمد برائے جناب الٰہی
جناب الٰہی برائے محمد
بسی عطر محبوبی کبریا سے
عبائے محمد قبائے محمد
بہم عہد باندھے ہیں وصل ابد کا
رضائے خدا اور رضائے محمد
دم نزع جاری ہو میری زباں پر
محمد محمد خدائے محمد
عصائے کلیم اژدہائے غضب تھا
گروں کا سہارا عصائے محمد
میں قربان کیا پیاری پیاری ہے نسبت
یہ آنِ خدا وہ خدائے محمد
محمد کا دم خاص بہرِ خدا ہے
سوائے محمد برائے محمد
خدا اُن کو کس پیار سے دیکھتا ہے
جو آنکھیں ہیں محوِ لقائے محمد
جلو میں اجابت خواصی میں رحمت
بڑھی کس تزک سے دعائے محمد
اجابت نے جھک کر گلے سے لگایا
بڑھی ناز سے جب دعائے محمد
اجابت کا سہرا عنایت کا جوڑا
دلہن بن کے نکلی دعائے محمد
رضا پل سے اب وجد کرتے گزریے
کہ ہے رب سلم صدائے محمد
زہے عزت و اعتلائے محمد
حالیہ پوسٹیں
- سر محشر شفاعت کے طلب گاروں میں ہم بھی ہیں
- پیغام صبا لائی ہے گلزار نبی سے
- سر بزم جھومتا ہے سر عام جھومتا ہے
- یا نبی نظری کرم فرمانا ، یا نبی نظر کرم فرمانا ،
- پاٹ وہ کچھ دَھار یہ کچھ زار ہم
- چشمِ دل چاہے جو اَنوار سے ربط
- جاتے ہیں سوے مدینہ گھر سے ہم
- غلام حشر میں جب سید الوریٰ کے چلے
- اسیروں کے مشکل کشا غوث اعظم
- سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبی
- کس کے جلوے کی جھلک ہے یہ اجالا کیا ہے
- الٰہی تیری چوکھٹ پر بھکاری بن کے آیا ہوں
- مبارک ہو وہ شہ پردہ سے باہر آنے والا ہے
- خاک سورج سے اندھیروں کا ازالہ ہوگا
- سن لو خدا کے واسطے اپنے گدا کی عرض
- لحد میں عشقِ رُخِ شہ کا داغ لے کے چلے
- نارِ دوزخ کو چمن کر دے بہارِ عارض
- نعت سرکاؐر کی پڑھتاہوں میں
- مجھ پہ چشمِ کرم اے میرے آقا کرنا
- نہیں خوش بخت محتاجانِ عالم میں کوئی ہم سا