قبلہ کا بھی کعبہ رُخِ نیکو نظر آیا
کعبہ کا بھی قبلہ خمِ اَبرو نظر آیا
محشر میں کسی نے بھی مری بات نہ پوچھی
حامی نظر آیا تو بس اِک تو نظر آیا
پھر بندِ کشاکش میں گرفتار نہ دیکھے
جب معجزۂ جنبشِ اَبرو نظر آیا
اُس دل کے فدا جو ہے تری دید کا طالب
اُن آنکھوں کے قربان جنھیں تو نظر آیا
سلطان و گدا سب ہیں ترے دَر کے بھکاری
ہر ہاتھ میں دروازے کا بازو نظر آیا
سجدہ کو جھکا جائے براہیم میں کعبہ
جب قبلۂ کونین کا اَبرو نظر آیا
بازارِ قیامت میں جنھیں کوئی نہ پوچھے
ایسوں کا خریدار ہمیں تو نظر آیا
محشر میں گنہ گار کا پلّہ ہوا بھاری
پلہ پہ جو وہ قربِ ترازو نظر آیا
یا دیکھنے والا تھا ترا یا ترا جویا
جو ہم کو خدا بِین و خدا جُو نظر آیا
شل ہاتھ سلاطیں کے اُٹھے بہرِ گدائی
دروازہ ترا قوتِ بازو نظر آیا
یوسف سے حسیں اور تمناے نظارہ
عالم میں نہ تم سا کوئی خوش رُو نظر آیا
فریادِ غریباں سے ہے محشر میں وہ بے چین
کوثر پہ تھا یا قربِ ترازو نظر آیا
تکلیف اُٹھا کر بھی دعا مانگی عدو کی
خوش خُلق نہ ایسا کوئی خوش خو نظر آیا
ظاہر ہیں حسنؔ احمد مختار کے معنی
کونین پہ سرکار کا قابو نظر آیا

قبلہ کا بھی کعبہ رُخِ نیکو نظر آیا
حالیہ پوسٹیں
- نازشِ کون ومکاں ہے سنتِ خیرالوری
- خواجۂ ہند وہ دربار ہے اعلیٰ تیرا
- مئے حُبِّ نبی سے جس کا دل سرشار ہو جائے
- مرحبا عزت و کمالِ حضور
- دل ٹھکانہ میرے حضور کا ہے
- لَنْ تَرَانِیْ نصیبِ موسیٰ تھی
- طوبےٰ میں جو سب سے اونچی نازک سیدھی نکلی شاخ
- مجھ پہ بھی میرے آقا گر تیرا کرم ہووے
- تیرے در سے تیری عطا مانگتے ہیں
- زمین و زماں تمہارے لئے ، مکین و مکاں تمہارے لیے
- زہے عزت و اعتلائے محمد
- بزم محشر منعقد کر مہر سامان جمال
- نارِ دوزخ کو چمن کردے بہارِ عارض
- سب دواروں سے بڑا شاہا دوارا تیرا
- ان کا منگتا ہوں جو منگتا نہیں ہونے دیتے
- اینویں تے نیئیں دل دا قرار مُک چلیا
- شاہِ کونین کی ہر ادا نور ہے
- مجھ کو طیبہ میں بلا لو شاہ زمنی
- امام المرسلیں آئے
- نہ اِترائیں کیوں عاشقانِ محؐمد